اورنگ آباد 28اکتوبر (ایس و نیوز/ آئی این ایس انڈیا) موجودہ حالات جس قدر مسلمانوں اور دیگر طبقات کے لئے سنگین ہیں اسی قدر ایک مثبت تبدیلی لانے کے لئے سازگار بھی ہیں ۔ مایوس اور خوف زدہ ہوکر گھروں میں بیٹھنے سے بہتر ہے کہ انصاف کی لڑائی کے لئے میدان عمل میںآئیں۔نوجوانوں کو موجودہ سیاسی صورت حال کو سمجھنا ضروری ہے ۔ ملک میں جس نکتہ کو لے کر سیاست گرمائی جارہی ہے اس نکتہ کو سمجھ کر تمام مظلوم طبقات کو ساتھ لے کر کام کرنا ضروری ہے ۔ سمجھداری اور بہادری کے اشتراک سے ہی فرقہ پرست اور ملک دشمن عناصر کو ملک سے کھدیڑا جا سکتا ہے ۔ ایک مخصوص تنظیم نہ صرف بھارت پر بلکہ ملک کے بیشتر ممالک کی عوام کو اپنا غلام بنائے ہوئے ہیں ۔ بھارت کی تمام تنظیموں میں سے مجھے پاپولرفرنٹ آف انڈیا سے انتہائی قوی امید ہے کہ وہ ملک کے ابتر حالات کو بہتر بنانے کا کام کرے گی ۔اس طرح کے خیالات کا اظہار ملک کے جید عالم دین و مسلم پرسنل لاء بورڈ کے قومی ترجمان حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے اورنگ آباد کے حضرت اورنگ زیب عالمگیر عام خاص میدان میں منعقدہ ایک عظیم الشان کانفرنس سے کیا ۔
پی ایف آئی کی جانب سے ملک بھر میں ’’ہمیں بھی کچھ کہنا ہے‘‘کے عنوان پر عظیم الشان جلسوں کا انعقاد کیا جار ہاہے ۔ 27؍ اکتوبر بروز جمعہ بعد نماز مغرب مہاراشٹرا کے اورنگ آباد میں بھی ایک عظیم الشاان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ مہمان خصوصی حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے اپنے خطاب میں تاریخی واقعات کے حوالے سے کہا کہ محمود غزنوی کے عمل کو لے کر تمام مسلمانوں کو مورود الزام ٹہرایا جاتاہے حالانکہ محمود غزنوی نے سومناتھ مندر پر حملہ وہاں کی خواتین کے پراسرار خطوط کے بعد کیا تھا ۔ان خطوط میں سومناتھ مندر کے احاطہ کی خواتین نے سلطان محمود غزنوی کو خط لکھ کر ان پر ڈھائے جا رہے ظلم و استبداد کی داستان بیان کی تھی ۔مولانا سجاد نعمانی نے آر یاؤں یعنی برہمنوں کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ دنیا کے بیشتر ممالک کے اصل باشندوں کو غلام بنائے ہوئے ہیں ۔مولانانے کہا کہ بھارت میں رہنے والے ایس سی،ایس ٹی ، اوی بی سی اور بدھسٹ خواہ دیگر بہت سارے مذاہب کے افراد ہندو نہیں ہیں۔ آریاؤں نے اپنا اقتدار بنائے رکھنے کے لئے ان دیگر طبقات کو جبراً ہندو بنائے رکھا ہے ۔ مولاناسجاد نعمانی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ سیاسی نکتہ کو سمجھیں اور صرف مسلمانوں کے حقوق کی لڑائی لڑنے کے بجائے پوری انسانیت کو انصاف دلانے کیلئے جد و جہد کریں ۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے قومی سیکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے اپنے ایمان افروز خطاب میں آر ایس ایس کو ملک کی غدار تنظیم بتاتے ہوئے کہا کہ یہ وہی آر ایس ایس ہے جس کے بانی ساورکر نے انگریزوں کے غلامی کو قبول کر لیا تھا ۔ آزادی سے قبل ساورکر اور اس کے حامیوں نے ملک مخالف سرگرمیوں میں انگریزوں کا ساتھ دیا۔ اور آج یہی لوگ خود کو دیش بھکت کہہ رہے ہیں ۔ مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کیڈرس سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ جس کام کو انجام دینے نکلے ہیں اس کام میں بہت پریشانیوں اور مصیبتوں کا سامنا کرنا ہو گا ۔ اللہ کے راستے میں ہونے والی تمام پریشانیوں کا قبول کرکے استقامت سے کام کرنا ۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قوم معتمد انیس احمد نے اپنے خطاب میں پاپولرفرنٹ آف انڈیا پر عائد کئے جا رہے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے زیر اثر کام کرنے والی جانچ ایجنسیاں این آئی اے،سی بی آئی ، اے ٹی ایس ، آئی بی وغیرہ بے بنیاد الزامات لگانے میں محو ہیں ۔ انہوں نے قومی میڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ آر ایس ایس کی دلالی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا پاپولرفرنٹ کی جانب سے صحت مند عوام صحت مند ملک جیسی مہمات سے تکلیف ہورہی ہے ۔ پاپولر فرنٹ ایسی مہمات کے ذریعہ ملک کی عوام میں صحت سے متعلق بیداری پید ا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ کیرلا میں گستاخ رسول پروفیسر جوزف کے ہاتھ کاٹنے کے معاملہ سے پاپولرفرنٹ کو جوڑا جا رہاہے ۔ اسی طرح لوجہاد اور ڈاکٹر ہادیہ کے معاملات سے بھی پاپولرفرنٹ کو جوڑ کر نشانہ بنایا جا رہاہے ۔
انیس احمد نے کہا کہ مرکزی حکومت اور آر ایس ایس پاپولرفرنٹ پر پابندی لگانے کی کوشش اس لئے کررہے ہیں کہ پاپولرفرنٹ نے کبھی بھی سنگھ پریوار کے ساتھ کسی بھی معاملے میں کوئی صلح نہیں کی اور مستقبل میں بھی کوئی صلح نہیں کی جائے گی ۔ اس کے بر خلاف پاپولرفرنٹ آف انڈیا کی یہ خواہش ہے کہ آر ایس ایس کا خاتمہ اس ملک سے ہو جائے ۔ ایک دن ضرور آئے گا جب بھارت آر ایس ایس سے پاک ہو جائے گا ۔اورنگ آباد عالمگیر عام خاص میدان میں پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے کیڈرس میں عمدہ انتظامات کئے تھے ۔ پاکنگ ، پانی و دیگر ضروریات کی فراہمی کو آسان بنایاگیا ۔ اسی طرح عام خاص میدان میں بیٹھنے کے لئے ہزاروں کرسیاں بچھائی گئیں جو جلسہ کے اختتام تک پر ہو چکی تھی اور لوگ کناروں پر کھڑے ہوکر خطابات سن رہے تھے ۔ہزاروں کی تعداد میں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے افراد نے شرکت کرتے ہوئے پاپولرفرنٹ کی اس عظیم الشان کانفرنس کی ستائش کی اور مستقبل میں تنظیم کے ساتھ کھڑاہونے کا عزم کیا ۔
خیال رہے کہ پورے پروگرام کو ساحل آن لائن کے یو ٹیوب چینل پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا تھا، جس کی وڈیو ریکارڈنگ کے لئے نیچے کی لنک پر کلک کرکے پورا پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔